یوم شہدائے پولیس پر خصوصی تقریب کا انعقاد

آج یو م شہدائے پولیس کے حوالے سے نیشنل ہائی ویز اینڈموٹر وے پولیس کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے موٹروے پولیس لائنز ہیڈ کواٹر اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں انسپکٹر جنرل، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس شوکت حیات، ایڈ یشنل آئی جی ڈاکٹر سیدکلیم امام ، ڈی آئی جی غلام رسول زاہد، اے آئی جی مجیب الرحمن ،سیکٹر کمانڈر N-5نارتھ IIوحید خٹک، ایس پی ہیڈ کواٹرسیدہ زاہد بخاری اور موٹروے پولیس کے دیگر سینئر افسران اور شہداء کے خاندان تقریب میں موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس شوکت حیا ت نے کہ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا اور شہید ہمیشہ زندہ ہوتے ہیں ۔ آج کا دن ہمیں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ان افسران کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے جام شہادت نوش کرکے محکمہ کا نام سربلند کیا۔ شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ایثار اور قربانی کی تاریخ رقم کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارے محسن ہیں اور شہداء نے اپنے خون سے اس محکمے کا نام روشن کیا ہے۔زندہ قومیں ہمیشہ اپنے شہداء کو یاد رکھتی ہیں ۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس بھی روایا ت کی پاسداری کرتے ہوئے شہداء اور انکے لواحقین کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل نے شہداء کی خاندان کو سلام پیش کرتے ہوئے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ شہداء ہمارا قابل فخر اثاثہ ہیں ناصرف آج کا دن بلکہ ہردن شہداء کی قربانیوں کی یاد دلاتا رہے گا۔ شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال ہماری اوّلین ترجیح ہے۔اس موقع پر انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس شوکت حیا ت نے یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔تقریب کے آخر میں انہوں نے شہداء کے خاندان میں خصوصی تحائف تقسیم کئے۔

Event 4-08-17 (U)