انسپکٹر جنرل ، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس شوکت حیات کا موٹروے چوک کے مقام پر پولیس دربار سے خطاب

انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس شوکت حیات نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اس ملک اور قوم کی خادم ہے اور عوام کی خدمت موٹروے پولیس کا طرہِ امتیاز ہے۔ انسپکٹر جنرل نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران اخلاقیات ، خوش گفتاری اور قانون کے بلا امتیاز اطلاق کے ساتھ ساتھ مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کو ہر صورت ممکن بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے موٹروے زون اور این فائیو نارتھ زون کے افسران و ملازمین سے موٹروے چوک پر پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پولیس دربار میں تمام زونل کمانڈرز، ایس ایس پیز ، ڈی ایس پیز اور فیلڈ سٹاف نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ انسپکٹر جنرل شوکت حیات نے کہا کہ یہ میری خوش نصیبی ہے کہ مجھے اس محکمہ کی کمانڈ عطا کی گئی جو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں ایمانداری میں اپنا ایک مقام رکھتا ہے۔انسپکٹر جنرل نے مزید کہا کہ عوام کے ساتھ قریبی تعلق اور ان کی شکایات کیلئے موٹروے پولیس کمپلینٹ سیل قائم کر دیا گیا ہے جس میں عوام کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جاتا ہے۔ انسپکٹر جنرل نے مزید کہا کہ فیلڈ اسٹاف کو تمام لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جائیگی تاکہ اس فورس کی گارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔اس اجلاس میں انسپکٹر جنرل کیطرف سے دورانِ ڈیوٹی شہید ہونے والے موٹروے پولیس کے افسران کے لواحقین کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا اورانسپکٹر جنرل نے ان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہداء کے خاندان ہمارے لیے قابل قدر ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا ئیگا۔انسپکٹر جنرل نے کہا کہ موٹروے پولیس افسران کے بچوں کی تعلیمی سہولیات کے ساتھ ساتھ معذوروں اور شہداء کے خاندانوں کیلئے ویلفےئر فنڈ میں سے خصوصی پیکجز اور مراعات کا اجراء کیا جا ئیگا تا کہ شہداء اور ملازمین کی فیملیز کیلئے آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل شوکت حیات نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسران میں انعامات بھی تقسیم کیے۔

Event -Darbar 13-07-16