جاپانی سفیر نے حکومت جاپان کی طرف سے تحفہ کی گئی 34ہائبرڈ گاڑیاں موٹروے پولیس کے حوالے کیں

جاپانی سفیرعزت ماب ہیرو شی انوماتا نے حکومت جاپان کی طرف سے تحفہ کی گئی 34ہائبرڈ گاڑیوں کی فلییٹ کی چابی موٹروے پولیس لائن ہیڈ کواٹرز اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد اور آئی جی موٹروے پولیس کو پیش کی۔ یہ امداد حکومت جاپان کی طرف سے معاشی و معاشرتی ترقی اور ماحولیاتی پروگرام کے تحت دی گئی ہے۔ اس موقع پر جاپانی سفیر نے کہا کہ یہ گاڑیاں ماحول دوست ہیں جو جاپان میں عام طور پر استعمال کی جا رہی ہیں۔ لہذا پاکستانی دوست بھی ان گاڑیوں کی افادیت اور ماحول دوستی کو ضرور محسوس کریں گے۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ یہ ہائی ٹیک گاڑیاں نہ صرف ایندھن کم استعمال کر تی ہیں بلکہ دوسری گاڑیوں کی نسبت گرین ہاؤس گیسز نہیں چھوڑتی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ گاڑیاں نہ صرف پولیس کی روزانہ پیٹرولنگ کی اخراجات میں کمی کرے گی بلکہ معاشی اور ماحولیاتی حالات کا بھی بہتر انداز میں مقابلہ کرے گی ۔
اس موقع پر وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ موٹروے پولیس پچھلے 18سال سے جو عوام کی خدمت کر رہی ہے وہ ان کی پیشہ وارانہ قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔جس کیلئے میں موٹروے پولیس کی لیڈر شپ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس حادثات میں کمی اور سڑک پر سفر کرنے والوں کی جانوں کی حفاظت کر کے اعلیٰ پیشہ وارانہ کارکر دگی کا ثبوت دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس نے معیاری ڈرائیونگ کی تربیت کیلئے ضلعی سطح پر جو روڈ سیفٹی ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قائم کئے ہیں ۔وہ صحیح سمت کی طرف بہترین قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس ان روڈ سیفٹی ٹرنینگ انسٹی ٹیوٹ کے ذریعے روڈ سیفٹی کی اعلیٰ مثال پیش کرے گی۔
اس موقع پر آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے کہا کہ پچھلے 18سالوں کی انتھک محنت سے موٹروے پولیس پاکستان کی بہترین اور معیاری ٹریفک ریگولیشن اور انفورسمنٹ ادارہ کے طور پر ابھر کا سامنے آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس نے عوام کی اخلاقی اور دوران سفر مشکل میں مدد کا کلچر پیش کرکے لوگوں کے دل جیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس کا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کیلئے 72فی صد لوگ ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام ہوگئے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمیں معیاری ڈرائیونگ میں کس قدر کمی کا سامنا ہے ۔لہذا موٹروے پولیس نے ضلع کی سطح پر پورے ملک میں روڈ سیفٹی ٹرنینگ انسٹی ٹیوٹ قائم کئے ہیں جہاں بہترین معیار کی ڈرائیونگ ٹریننگ مہیا کی جا رہی ہے۔انہوں نے جاپانی عوام اور حکومت جاپان کا موٹروے پولیس کی طرف سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہائبرڈ گاڑیوں کا یہ تحفہ موٹروے پولیس کے پروفشنل فلییٹ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھے گا۔ جس سے نہ صرف روزانہ کے ایندھن اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ فضا میں کم ماحولیاتی آلودگی چھوڑنے کا سبب بنے گی ۔اس موقع پر آئی جی موٹروے پولیس نے کہا کہ ہم جلد پورے پاکستان میں موٹرویز اور ہائی ویز پر ای ٹکٹنگ کا نظام شروع کر رہے ہیں۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ان گاڑیوں کو دوسرے ترقی یافتہ ممالک کی پولیس گاڑیوں کی طرح ریٹرو ریفلکٹیو ٹیپ کے ذریعے ایک نیا ڈیزائن دیا ہے جو یقیناًعوام کی نظروں کو بھائے گا۔ آئی جی موٹروے پولیس نے کہا کہ یہ تمام گاڑیاں موٹروے پر پیٹرولنگ کے لئے دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر آئی جی موٹروے پولیس نے مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ افتاب احمد اور جاپانی سفیر کو محکمے کی شیلڈ پیش کی ۔

Event 10-12-15 Urdu-1

Event 10-12-15 Urdu-2