فرسٹ ریسپونڈرز کورس – موٹروے پولیس آفسران کی تقسیم اسناد تقریب

سیکرٹری مواصلات جناب شاہد اشرف تارڑ نے کہا ہے کہ حادثات کو کنٹرول کرنے کیلئے تمام تیکنیکی تدابیر بروئے کار لائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس دوران سفر عوام کی مدداور ان کی جان ومال کی حفاظت کو ترجیح دے، دوران سفرحادثات کی صورت میں سب سے پہلے پولیس افسران ہی پہنچتے ہیں اس لئے ان کی ابتدائی طبی امداد میں مہارت نہایت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حادثات کی صورت میں موٹروے پولیس کے افسران ہیFirst Responderہوتے ہیں لہذا اس کورس کا آغاز ایک انتہائی مثبت پیش رفت ہے۔ وہ آج موٹروے پولیس لائنز ہیڈ کواٹرز اسلام آباد میں ابتدائی طبی امداد کے دوسرے کورس کے اختتام پر سرٹیفکیٹ دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کورس کا دائرہ کار عوام میں اور تعلیمی اداروں تک بڑھا یا جانا چاہیے تاکہ ان کو بھی ابتدائی طبی امداد سے واقفیت ہو ۔ اس سلسلے میں انہوں نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کو وزارت مواصلا ت کی طرف سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ سیکرٹیری مواصلات نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی کار کردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے پولیس رشوت سے پاک ایک قابل فخر قومی ادارہ ہے ۔
تقریب کے آغاز میں گزشتہ روز اسلام آباد شہر میں ایک ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہوجانے والے شریک کورس افسر محمد اسرار خان مرحوم کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔
تقریب کے موقع پر استقبالیہ خطاب میں آئی جی موٹروے پولیس محمد سلیم بھٹی نے کورس کے اغراض ومقاصد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان ومال کی حفاظت موٹروے پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے وقت کے ساتھ ساتھ اور اس میں مزید بہتری بھی لائی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کو ڈرائیونگ میں تربیت دینا میرا فرض ہے۔ اس مقصد کیلئے نیشنل ہائی ویزاینڈ موٹروے پولیس ملک بھر میں اب تک50روڈ سیفٹی ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس قائم کر چکی ہے جبکہ ان کی تعداد مئی کے اختتام تک 70تک پہنچ جائے گی ۔ نیز ڈرائیورز کی بہترین تربیت کے معاملے میں دیگر قومی اداروں نیوٹیک ، پنجاب سکل ڈویلپمنٹ پروگرام اور اوور سیزپاکستان فاؤنڈیشن کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈرائیورزکی بہتر ٹریننگ کے ذریعے نہ صرف حادثات میں کمی ہوگی بلکہ ماہرانہ تربیت حاصل کرنے کے بعد پاکستانی ڈرائیورز بہتر روزگار کیلئے دیگر ممالک میں بھی جا سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیاری ڈرائیور لائسنسنگ کیلئے جون تک نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈرائیونگ لائسنس اتھارٹی کا لاہور اور پشاور میں بھی آغاز کر دیا جائے گا۔

Certificate Distribution