موٹروے پولیس ایک بین الاقوامی معیار کا فرسٹ ایڈ ٹریننگ سینٹر قائم کرے گا

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس لائن ہیڈ کواٹرز اسلام آباد میں فرسٹ ایڈ کورس مکمل کرنیوالے افسران میں تقسیم اسناد کی ایک سادہ پروقار تقریب منعقد کی گئی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی پولیس سروس کے مایہ ناز افسراور سابق سیکرٹیری داخلہ ظفر اقبال راٹھورتھے ۔مہمان خصوصی نے افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی اولین ذمہ داری لوگوں کی جان ومال کی حفاظت ہے۔ انہوں نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے اندر موجود خدمت کی جذبے کو بروئے کار لاتے ہوئے لوگوں کی خدمت کریں ۔فرسٹ ایڈ کورس مکمل کرنے کے بعد آپ کی قابلیت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ جس سے آپ حادثات کی صورت میں لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی فخر کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ لہذا اس کی فخر میں کوئی کمی نہ آنے دیں۔ اور یہ اسی صورت ممکن ہے جب آپ لوگوں کی بے لوث خدمت کرتے رہیں گے ۔ اس موقع پر آئی جی موٹروے پولیس محمد سلیم بھٹی نے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی موجودگی اور تجربہ میرے اور جوانوں کیلئے ایک مشعل راہ ہے ۔ انہوں نے کورس ممکل کرنے والوں کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ موٹرویز اور ہائی ویز پر حادثے کی صورت میں سب سے پہلے موٹروے پولیس کے افسران پہنچتے ہیں ۔لہذا اس فرسٹ ایڈ ٹریننگ کے ذریعے آپ قیمتی جانوں کو بچاسکیں گے ۔ جس سے نہ صرف آپ انسانیت کی خدمت کریں گے بلکہ اللہ کے سامنے بھی سرخرو ہو ں گے۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو لوگوں کی جان و مال کا محافظ بنایا ہے ۔ میں امید کرتا ہوں کہ آپ اس زمہ داری کو احسن طریقے سے ادا کریں گے اور اس قوم کی خدمت کے طفیل ادارے کا نام بلند کریں۔ آخر میں مہمان خصوصی ظفر اقبال راٹھور نے فرسٹ ایڈ کورس مکمل کرنیوالے افسران میں اسناد تقسیم کیں۔

 

First Aid